جرمنی میں مفت تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کیلئے بڑی خوشخبری

سوشل اینڈ پولیٹیکل سائنسز، قانون، معاشیات، پبلک پالیسی اور ایڈمنسٹریشن کے شعبوں میں یونیورسٹی کی ڈگری رکھنے والے ایسے پاکستانی طلبہ جو مالی وسائل کی کمی کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم ہیں اب جرمنی کے وفاقی دفتر خارجہ کے تعاون سے اپنا یہ خواب سچ کر سکتے ہیں۔

ان باصلاحیت نوجوانوں کے لیے جرمنی میں تعلیم حاصل کرنے کا ایک بہترین موقع فراہم کیا گیا ہے۔

اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند یہ گریجویٹس جرمن ادارے DAAD کے زیر اہتمام چلنے والے مشہور “ہیلمٹ شمٹ پروگرام” (Helmut-Schmidt-programme) سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جو پبلک پالیسی اور گڈ گورننس میں ماسٹر اسکالر شپس پیش کرتا ہے۔

اس مکمل فنڈڈ پروگرام کے تحت طلبہ کو اپنی پسند کے 7 مختلف ماسٹر کورسز میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کا اختیار حاصل ہوگا، جبکہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 جولائی 2026 طے کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانی طلبہ کیلئے امریکا میں اسکالرشپ کا بڑا اعلان

یہ تعلیمی وظیفہ خاص طور پر ترقی پذیر اور تیزی سے ابھرتے ہوئے ممالک کے ان مستقبل کے لیڈرز کے لیے تیار کیا گیا ہے جو اپنے معاشروں میں جمہوریت کی مضبوطی اور سماجی انصاف کی فراہمی کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں۔ یہ پروگرام ان مخصوص مضامین میں اعلیٰ ڈگری حاصل کرنے کی مالی اعانت فراہم کرتا ہے جو ان نوجوانوں کے اپنے ممالک کی سماجی، سیاسی اور معاشی ترقی میں انتہائی کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔

اس تعلیمی منصوبے کا بنیادی مقصد گڈ گورننس کے اصولوں کو فروغ دینا ہے۔ اسی لیے پولیٹیکل سائنس، قانون، اکنامکس اور انتظامی امور میں پہلی ڈگری رکھنے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو جدید خطوط پر تربیت دی جا رہی ہے تاکہ گلوبل ساؤتھ سے تعلق رکھنے والے ان گریجویٹس کو مستقبل میں اہم اور فیصلہ کن عہدوں کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے بہترین طریقے سے تیار کیا جا سکے۔

Scroll to Top