تخت بھائی کے علاقے شریف آباد میں مبینہ طور پر گھریلو ناچاقی پر شوہر نے فائرنگ کرکے اپنی بیوی کو شدید زخمی کر دیا، جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت مسماۃ ارم دختر حبیب کے نام سے ہوئی ہے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم اور ایمبولینس موقع پر پہنچی، امدادی اہلکاروں نے خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی تاہم وہ راستے میں ہی جاں بحق ہوگئیں۔
ریسکیو 1122 نے میت کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال تخت بھائی منتقل کر دیا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو واقعے کے تقریباً آدھے گھنٹے کے اندر گرفتار کرکے تھانہ ساڑوشاہ منتقل کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: بنوں میں افسوسناک واقعہ، گھر میں گھس کر فائرنگ سے ماں اور دو بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق
پولیس نے ملزم کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302، 324 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔





