شاہد جان
پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ یومِ عاشور کے موقع پر بہترین سیکیورٹی انتظامات کے باعث صوبے بھر میں تمام مجالس اور جلوس پُرامن انداز میں اختتام پذیر ہوئے، جس پر وہ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
اپنے بیان میں شفیع جان نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا نے عزاداروں اور عوام کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے مؤثر اور جامع انتظامات کیے، جن کے نتیجے میں یومِ عاشور کے تمام مذہبی اجتماعات خوش اسلوبی سے مکمل ہوئے۔
انہوں نے امن و امان کے مثالی قیام، شہریوں کو سہولیات اور خدمات کی بروقت فراہمی پر پولیس، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اداروں نے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھائیں۔
یہ بھی پڑھیں : یومِ عاشور پر سیکیورٹی فورسز کو محسن نقوی کا سلام، قوم کو آپ پر فخر ہے
وزیر اطلاعات نے تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام، مجالس اور جلوسوں کے منتظمین، میڈیا نمائندوں اور عوام کے کردار کو بھی قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ سب نے ذمہ داری، اتحاد اور باہمی تعاون کا عملی مظاہرہ کیا، جس سے امن و رواداری کے فروغ میں مدد ملی۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور برداشت کے فروغ کے لیے تمام مکاتبِ فکر نے مثبت کردار ادا کیا، جو قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی ہدایات پر یومِ عاشور کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جا سکے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔





