K2 ایئرویز کارگو طیارہ حادثہ، پی آئی اے کا اظہارِ افسوس، ریسکیو آپریشن میں تعاون کی پیشکش

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے K2 ایئرویز کے کارگو طیارے کے بحیرہ عرب میں لاپتہ ہونے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پی آئی اے نے اپنی آفیشل ٹوئٹر پوسٹ میں کہا ہے کہ K2 ایئرویز کارگو فلائٹ کے حادثے کی خبر پر گہرا دکھ ہے، جبکہ طیارے میں سوار پانچ رکنی عملے اور ان کے اہلخانہ کے لیے دعاؤں اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا ہے۔

پی آئی اے نے امید ظاہر کی کہ لاپتہ طیارے کی تلاش کے لیے جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل ہوگا۔ قومی ایئرلائن نے اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی ہے۔

پی آئی اے نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والی پاکستان نیوی، پاک فضائیہ اور دیگر بحری وسائل کو بھی سراہا ہے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے ترجمان نے شارجہ سے کراچی آنے والے K2 ایئرویز کے نجی کارگو طیارے کے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ طیارے سے ریڈار اور مواصلاتی رابطہ منقطع ہونے کے بعد کراچی کے قریب سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق K2 ایئرویز کی پرواز KTA1732، بوئنگ 737-400 (رجسٹریشن AP-BOI) شارجہ سے کراچی آ رہی تھی۔

رات 9 بج کر 18 منٹ پر کراچی سے تقریباً 150 ناٹیکل میل جنوب میں فضائی راستے G216 پر طیارے نے نیویگیشن سسٹم میں خرابی کی اطلاع دیتے ہوئے رہنمائی طلب کی، جس پر کراچی ایریا کنٹرول سینٹر (ACC) نے اسے موجودہ سمت برقرار رکھنے کی ہدایت دی۔

یہ بھی پڑھیں : شارجہ سے کراچی آنے والی کارگو طیارہ لاپتہ، تلاش جاری

ترجمان کے مطابق اس کے بعد طیارہ اچانک دائیں جانب مڑا اور تیزی سے بلندی کھونے لگا۔ طیارے کے گرنے کی رفتار تقریباً 15 ہزار فٹ فی منٹ ریکارڈ کی گئی۔

متعدد بار رابطے کی کوشش کے باوجود کوئی جواب موصول نہ ہوا اور رات 9 بج کر 21 منٹ پر کراچی سے تقریباً 155 ناٹیکل میل مغرب میں طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا۔ اسی وقت ریڈار اور مواصلاتی رابطہ بھی منقطع ہوگیا۔

پی اے اے کے مطابق طیارے میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔ فلائٹ جنرل ڈیکلریشن کے مطابق کپتان محمد رضوان ادریس، فرسٹ آفیسر فیصل محمود جتوئی، لوڈ ماسٹر محمد توفیق خان، جبکہ ایئرکرافٹ انجینیئر محمد حامد اور ایئرکرافٹ انجینیئر محمد عارف صدیقی بھی پرواز میں موجود تھے۔

ترجمان نے بتایا کہ واقعے کے فوری بعد ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر (RCC) کو فعال کر کے سمندر میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کراچی کے قریب سمندر میں لاپتا طیارے کی تلاش کے لیے پاک بحریہ کا جنگی جہاز پی این ایس ذوالفقار متاثرہ علاقے کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔

Scroll to Top