پشاور :حسن خیل میں آئی ای ڈی دھماکہ، بم ڈسپوزل اسکواڈ کا اہلکار شہید

Pakistan SCO Summit 2026

کامران علی شاہ

صوبائی دارالحکومت پشاور کے مضافاتی علاقے سب ڈویژن حسن خیل میں دیسی ساختہ بارودی مواد کو ناکارہ بنانے کے دوران ہونے والے دھماکے میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کا ایک اہلکار شہید ہو گیا ہے۔

تھانہ حسن خیل کی حدود میں سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی تھی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار خائستہ رحمان جائے وقوعہ پر موجود بارودی مواد کو ناکارہ بنانے کی کوششوں میں مصروف تھے کہ اسی دوران آئی ای ڈی اچانک زوردار دھماکے سے پھٹ گئی۔ دھماکے کے نتیجے میں اہلکار خائستہ رحمان شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جامِ شہادت نوش کر گئے۔

واقعے کے فوری بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری ملازمین کےلیے بڑا فیصلہ،ہاؤس ریکوزیشن الاؤنس کی منظوری

پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا خاتمہ کیا جا سکے جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات اور ذمہ دار عناصر کے تعین کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top