جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے پاک فوج اور شہداء کے حوالے سے دیے گئے حالیہ بیان پر ملک کی سیاسی قیادت کی جانب سے شدید ردعمل اور غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
مختلف سیاسی رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان کے بیان کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے ان سے اپنا بیان فوری واپس لینے اور معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ شہداء پوری قوم کا فخر اور قومی غیرت کی علامت ہیں اور ان عظیم قربانیوں کو کسی بھی دنیاوی پیمانے سے نہیں تولا جا سکتا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے اپنے اس بیان سے کروڑوں پاکستانیوں کے دل دکھائے ہیں جبکہ وفاقی وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کا یہ بیان انتہائی افسوس ناک اور سراسر ناقابل قبول ہے۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات خیبرپختونخوا اختیار ولی خان نے سوال اٹھایا کہ کیا کوئی صرف پیسوں کے لیے اپنی جان قربان کرتا ہے؟ اسی طرح فرح خان نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ متنازع بیان پاک فوج کی لازوال قربانیوں کو مجروح کرنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ذرا ہوش سنبھال کر بات کریں کیونکہ یہ فوج ہمارے ماتھے کا جھومر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : مولانا فضل الرحمان اپنا غیر ذمہ دارانہ بیان واپس لے کر شہداء کے ورثاء اور پوری قوم سے معافی مانگیں،لیگی ایم این اے غزالہ انجم کا مطالبہ
صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو پیسوں میں تولنا بہت تکلیف دہ عمل ہے جبکہوفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات دانیال چوہدری کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیوں کو تنخواہ سے جوڑنا پوری قوم کے جذبات مجروح کرنے والا اقدام ہے۔





