خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین کے الاؤنسز میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری

محمد اعجاز آفریدی
محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا نے صوبائی کابینہ کے فیصلوں کی روشنی میں مختلف سرکاری محکموں اور ملازمین کے لیے متعدد الاؤنسز کی منظوری کے باقاعدہ نوٹیفیکیشنز جاری کر دیے ہیں جن کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈپارٹمنٹ کے پولیس اسٹیشنز میں تعینات یونیفارم اہلکاروں بشمول کنسٹیبل، اسسٹنٹ سب انسپکٹر اور سب انسپکٹر کے لیے 700 روپے ماہانہ یونیفارم الاؤنس کی منظوری دی گئی ہے۔

اس کے ساتھ ہی ان اہلکاروں کے لیے رِسک الاؤنس بھی منظور کیا گیا ہے جس کے تحت انسپکٹر کو 17,300 روپے، سب انسپکٹر کو 16,900 روپے، اسسٹنٹ سب انسپکٹر کو 10,700 روپے اور کنسٹیبل کو 11,400 روپے ماہانہ دیے جائیں گے۔ یہ الاؤنسز انکم ٹیکس کے دائرے میں آئیں گے اور کنٹریکٹ یا ڈیلی ویجز ملازمین پر لاگو نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب ٹریژری سروس کے ملازمین کے لیے آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس الاؤنس کو بنیادی تنخواہ کے 20 فیصد سے بڑھا کر 30 فیصد ماہانہ کر دیا گیا ہے۔ یہ الاؤنس ان ملازمین کو ملے گا جو ٹریژری ڈپارٹمنٹ یا ڈیپوٹیشن پر دیگر خود مختار اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

اسی طرح ہوم اینڈ ٹرائبل افیئرز ڈپارٹمنٹ کے تحت پبلک پراسیکیوشن کیڈر کے افسران کے لیے پراسیکیوشن پرفارمنس الاؤنس کو 60 فیصد سے بڑھا کر 100 فیصد کر دیا گیا ہے، جبکہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے پلاننگ سروس کیڈر کے افسران کے لیے پلاننگ پرفارمنس الاؤنس ان کی 2022 کی رننگ بنیادی تنخواہ کا 120 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔

نوٹیفیکیشنز کے مطابق خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن کے ملازمین کا الاؤنس 2016 کے اسکیل کے 20 فیصد سے بڑھا کر 2022 کے اسکیل کے مطابق 33 فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ کنزیومر کورٹس کے ملازمین کے لیے 20 فیصد جوڈیشل الاؤنس اور 10 فیصد یوٹیلیٹی الاؤنس کی منظوری دی گئی ہے۔

قانون، انسانی حقوق اور پارلیمانی امور کے محکمہ کے اٹارنی کیڈر افسران کے لیے پرفارمنس الاؤنس کو 60 فیصد سے بڑھا کر 100 فیصد اور لیجسلیشن ونگ کے مخصوص افسران کے لیے 120 فیصد لیگل الاؤنس کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے اعلیٰ افسران کے بڑے پیمانے پر تبادلے، نوٹیفکیشن جاری

اس کے علاوہ صوبے کے معذور سرکاری ملازمین کے لیے اسپیشل کنوینس الاؤنس 6,000 روپے سے بڑھا کر 10,000 روپے ماہانہ کر دیا گیا ہے جبکہ محکمہ جیل خانہ جات کے ملازمین کے لیے جیل الاؤنس اب 2017 کے بجائے 2022 کے پے اسکیل کے مطابق 100 فیصد ہوگا۔

Scroll to Top