صبح خالی پیٹ چائے پینے سے صحت کو نقصان کا خدشہ، ماہرین نے خبردار کر دیا

اسلام آباد: صبح اٹھتے ہی خالی پیٹ چائے پینا صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ماہرین صحت نے چائے کے شوقین افراد کو مشورہ دیا ہے کہ دن کے آغاز پر پہلے ہلکی غذا یا چند خشک میوے استعمال کریں، اس کے بعد چائے پئیں۔

ماہرین کے مطابق دن کا آغاز گرم مشروبات سے کرنا میٹابولزم اور نظامِ ہاضمہ کیلئے مفید ہو سکتا ہے، تاہم خالی پیٹ گرم چائے پینا اس کے برعکس منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نہار منہ گرم پانی اور گرم چائے پینے کے اثرات ایک جیسے نہیں ہوتے۔

یہ بھی پڑھیں : روزانہ کافی پینا جگر کے سنگین امراض سے بچاؤ میں مددگار، نئی تحقیق

تحقیقی رپورٹس کے مطابق چائے، کافی، گرین ٹی، بلیک ٹی اور دیگر کیفین والے مشروبات خالی پیٹ پینے سے بعض افراد میں مسائل پیدا کر سکتے ہیں، جبکہ بہت زیادہ گرم حالت میں ان کا استعمال خطرات میں اضافہ کر سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق خالی پیٹ چائے پینے سے معدے میں جلن اور تیزابیت کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔ روٹجرز یونیورسٹی کے کیمیکل بائیولوجی کے پروفیسر چنگ ایس پانگ کی شائع تحقیق کے مطابق زیادہ گاڑھی چائے خالی پیٹ پینے سے معدے میں جلن پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ بہت زیادہ گرم چائے غذائی نالی اور معدے کے کینسر کے خطرے میں اضافے کا باعث بھی بن سکتی ہے۔

تحقیق کے مطابق خالی پیٹ چائے پینے سے بعض افراد میں سر درد اور متلی کی شکایت بھی سامنے آ سکتی ہے۔

ٹیلر اینڈ فرانسس کے تحقیقی جرنل میں شائع کیرولین ایم میتھیوز کی رپورٹ کے مطابق چائے میں موجود کیفین بعض افراد کے اعصابی نظام کو زیادہ متحرک کر سکتی ہے، جس سے بے خوابی، بے چینی اور جسم میں کپکپی جیسی علامات ظاہر ہو سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : مردان میں جلالہ خوڑ میں 13 سالہ نوجوان ڈوب کر جاں بحق، ریسکیو ٹیم نے لاش نکال لی

ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ چائے میں موجود ٹینن، کیفین اور دیگر پولی فینولز جسم میں آئرن جیسے اہم غذائی اجزا کے جذب کو متاثر کر سکتے ہیں، خاص طور پر ایسے افراد میں جو روزانہ خالی پیٹ کئی کپ چائے پیتے ہیں۔

ماہرین غذائیت نے مشورہ دیا ہے کہ اگر صبح چائے پینے کی عادت ہے تو پہلے ہلکی غذا، بسکٹ یا چند خشک میوے کھا لیے جائیں، جس کے بعد چائے پینے سے معدے پر منفی اثرات کے امکانات کم ہو سکتے ہیں۔

Scroll to Top