اسلام آباد: پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی برقرار رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق پیٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل پر موجودہ شرح کے مطابق پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی برقرار رہے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پر 80 روپے فی لیٹر، ڈیزل پر 70 روپے 82 پیسے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل پر 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر لیوی برقرار رکھی گئی ہے۔
دوسری جانب حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان بھی کیا گیا ہے، جس کا اطلاق 3 روز کے لیے ہوگا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شفیع جان کا شدید ردعمل
اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار بھی تبدیل کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ تبدیلیاں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہیں، جبکہ نئی قیمتوں کا اطلاق مقررہ مدت کے لیے ہوگا۔





