لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے طلبہ و طالبات کے لیے الیکٹرک بائیک (ای اسکوٹی) اسکیم 2026 کا آغاز کر دیا، جس کے تحت ایک لاکھ طلبہ و طالبات کو ماحول دوست سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔
حکومت پنجاب کے مطابق اس منصوبے کا مقصد طلبہ کو تعلیمی اداروں تک محفوظ، آسان اور کم لاگت سفری سہولت فراہم کرنا اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔
اسکیم کے تحت طالبات کو الیکٹرک بائیکس مفت فراہم کی جائیں گی، جبکہ طلبہ کو یہی بائیکس بلاسود اور آسان اقساط پر دی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
اہلیت کا معیار
حکومت کے مطابق درخواست گزار کی عمر کم از کم 18 سال ہونا ضروری ہے۔ امیدوار کسی ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے منظور شدہ ڈگری کالج یا یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہو اور اس کا مستقل ڈومیسائل پنجاب کا ہو۔
اس کے علاوہ درخواست دہندہ کے پاس موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ ہونا لازمی ہے، جبکہ وہ کسی رجسٹرڈ موٹر گاڑی کا مالک بھی نہ ہو۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ ایک ہی خاندان سے صرف ایک فرد اس اسکیم سے مستفید ہو سکے گا۔
درخواست کا طریقہ کار
الیکٹرک بائیک اسکیم کے لیے درخواستیں صرف پنجاب حکومت کے مقررہ آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی۔ امیدوار پہلے رجسٹریشن یا لاگ اِن کریں گے، پھر درخواست فارم مکمل کرکے مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : بلاسود اقساط پر الیکٹرک بائیکس، بڑی خوشخبری سامنے آگئی
حکام کے مطابق درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد اہل امیدواروں کا انتخاب کمپیوٹرائزڈ بیلٹنگ کے ذریعے کیا جائے گا تاکہ عمل شفاف اور مکمل طور پر میرٹ پر مبنی رہے۔
ضروری دستاویزات
درخواست کے ساتھ قومی شناختی کارڈ یا ب فارم، تعلیمی ادارے کا بونافائیڈ سرٹیفکیٹ، پنجاب ڈومیسائل، ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ، پاسپورٹ سائز تصاویر اور خاندان سے متعلق مطلوبہ معلومات یا حلف نامہ جمع کرانا ہوگا۔
حکومت پنجاب نے طلبہ کی رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 042-111-333-267 بھی جاری کر دی ہے، جہاں اسکیم، اہلیت، درخواست کے طریقہ کار اور دیگر معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔





