لیڈی ریڈنگ ہسپتال

لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں مردہ قرار دینے والے مریض کا علاج شروع، معاملہ کیا ہے؟

لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں مبینہ طبی غفلت سے متعلق ایک واقعے نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر لی ہے جہاں ایک فیس بک صارف نے دعویٰ کیا ہے کہ ہسپتال کے عملے نے ایک مریض کو مردہ قرار دیا تاہم بعد میں اس کا علاج شروع کیا گیا۔

محمد یونس خان نامی فیس بک صارف کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ کے مطابق گزشتہ رات پشاور سے تعلق رکھنے والے ماجد نامی شخص کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر انہیں لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایمرجنسی میں موجود عملے نے لواحقین کو بتایا کہ مریض انتقال کر چکا ہے اور مزید کچھ نہیں کیا جا سکتا۔

پوسٹ کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر پی ٹی آئی کے مقامی رہنما اور رکن قومی اسمبلی آصف خان ہسپتال پہنچے اور انتظامیہ سے رابطہ کیا، جس کے بعد مریض کو دوبارہ طبی امداد فراہم کی گئی۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ مریض کی سانسیں بحال ہوئیں، اس کا علاج شروع کیا گیا، اسٹنٹ ڈالا گیا اور اب اس کی حالت بہتر ہے۔

فیس بک صارف محمد یونس خان نے اپنی پوسٹ میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی انتظامی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت توجہ نہ دی جاتی تو مریض کی جان بچانا ممکن نہ ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں : حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں مبینہ بے ضابطگیوں پر اینٹی کرپشن کی اوپن انکوائری شروع

دوسری جانب اس واقعے سے متعلق لیڈی ریڈنگ ہسپتال انتظامیہ کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آیا جبکہ سوشل میڈیا پر کیے گئے دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق بھی نہیں ہو سکی۔

Scroll to Top