بیرسٹر گوہر

5 اگست کو پشاور میں بڑا جلسہ ہوگا، آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ 5 اگست ایک اہم دن ہوگا جس دن پشاور میں پی ٹی آئی کا ایک بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا۔

اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے بتایا کہ اس جلسے کے دوران پارٹی کے آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا اور انہیں امید ہے کہ اپوزیشن اتحاد کی دیگر جماعتیں بھی اس موقع پر ان کے ساتھ ہوں گی۔

آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات سے متعلق بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سوچ سمجھ کر الیکشن کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وہاں کا ٹرن آؤٹ صرف 5 سے 7 فیصد رہا جو کہ نہ ہونے کے برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک جمہوری اور سیاسی جماعت ہے جو مسلسل سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے الیکشن آج ہوں یا کل اس سے فرق نہیں پڑتا کیونکہ انتخابات دوبارہ بھی ہو سکتے ہیں۔

ملکی حالات اور سیکیورٹی کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں بحال ہونا ہی حالات میں بہتری کی بنیادی کنجی ہے اور ملاقاتیں شروع ہوتے ہی صورتحال بدلے گی۔

انہوں نے نورین نیازی پر مقدمے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پرچوں سے حالات بہتر نہیں ہوتے جبکہ اس وقت ملک کو دہشت گردی کے خلاف یکجہتی کی شدید ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی صرف آزادانہ اور شفاف انتخابات سے ہی ممکن ہے اور اس وقت سیاست یا پوائنٹ اسکورنگ کی بجائے مصلحت سے کام لینا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد خلیل کی 10 ماہ کی بیٹی کرنٹ لگنے سے جاں بحق

دہشت گردی کے حوالے سے پارٹی پالیسی کو واضح کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم کسی صورت کالعدم ٹی ٹی پی کو سپورٹ نہیں کرتے، ٹی ٹی پی کا بندہ جہاں بھی ہے ہم اسے دہشت گرد سمجھتے ہیں اور اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ دہشت گردی کے خلاف سخت ایکشن ہونا چاہیے۔

Scroll to Top