ایل پی ایل میں مزید دو پاکستانی کرکٹرز شامل، شاہین شاہ آفریدی لیگ سے دستبردار

پاکستان کے مزید دو کرکٹرز نے سری لنکا پریمیئر لیگ (ایل پی ایل) میں معاہدے کر لیے ہیں، جبکہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ذاتی وجوہات کے باعث لیگ سے دستبردار ہو گئے ہیں۔

پاکستان کے نوجوان بیٹر خواجہ نافع کو جافنا کنگز نے اسکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔ انہیں افغانستان کے معروف بیٹر ابراہیم زدران کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب آل راؤنڈر افتخار احمد بھی ایل پی ایل میں ایکشن میں نظر آئیں گے، انہیں دمبولا سکسرز نے افغان فاسٹ بولر فضل حق فاروقی کے متبادل کے طور پر اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کرکٹ ٹیم میں سلیکشن نہ ہونے پر 17 سالہ نوجوان خاتون کرکٹر کی مبینہ خودکشی

ادھر کینڈی رائلز نے تصدیق کی ہے کہ شاہین شاہ آفریدی سری لنکا پریمیئر لیگ میں شرکت نہیں کریں گے۔ لیگ انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق قومی فاسٹ بولر نے ذاتی وجوہات کی بنا پر ایونٹ سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔

ایل پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت کے حوالے سے یہ پیش رفت سامنے آئی ہے، جبکہ ٹیموں کی جانب سے متبادل کھلاڑیوں کی شمولیت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

Scroll to Top