خیبر پختونخوا پولیس حکام نے بتایا کہ سوات کی تحصیل کبل میں پولیس سٹیشن کے مرکزی گیٹ پر خودکش حملے میں شہداء کی تعداد 14 ہوگئی، شہید ہونے والوں میں 5 پولیس اہلکار اور 9 عام شہری شامل ہیں، جبکہ 20 افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں بھی پولیس اہلکار شامل ہیں ۔
سوات: آر پی او ملاکنڈ نے کہا کہ حملہ آورکبل پولیس کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے کمپاؤنڈ کے اندر داخل ہونے سے روک دیا جس پر اس نے مرکزی گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے 20 افراد زخمی ہیں جن میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے،خودکش بمبار کا سر بھی مل چکا ہے جبکہ واقعے کی باریک بینی سے تفتیش کی جا رہی ہے ۔،
آر پی او ملاکنڈ نے مزید بتایا کہ پولیس کمپاؤنڈ میں کبل پولیس سٹیشن، پولیس لائن کبل، سہولت مرکز اور دیگر اہم سرکاری دفاتر قائم ہیں۔ اگر خودکش حملہ آور کمپاؤنڈ کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہو جاتا تو جانی نقصان کہیں زیادہ ہو سکتا تھا ۔
واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ دھماکے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، دھماکے کے بعد سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتالز میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔تمام ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور پیرامیڈیکس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔





