سوات کبل خودکش دھماکہ، دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج

شہزاد نوید
سوات: سوات میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ایف آئی آر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے تھانے میں درج کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ کبل کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا، جس میں دہشت گردی کی دفعات 7ATA سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق کبل چوک میں ایک احتجاج جاری تھا، جو شام 4 بجے شروع ہوا۔ احتجاج کے دوران شام 6 بج کر 4 منٹ پر تھانہ کبل کے مین گیٹ پر دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کی بڑی تعداد شہید اور زخمی ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : سوات کبل خودکش دھماکہ، شہداء کی تعداد 17 ہوگئی، پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا

ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ واقعہ علاقے میں موجود کالعدم تنظیم کے کمانڈر مظفر اور دیگر دہشت گردوں کی کارروائی معلوم ہوتا ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

آئی جی خیبرپختونخوا کا سوات کا دورہ

دوسری جانب آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے سوات کا دورہ کیا اور سیدو شریف اسپتال میں زیر علاج زخمی پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی عیادت کی۔

آئی جی خیبرپختونخوا نے زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top