سونے کی قیمت میں ایک بار پھر کمی، فی تولہ سونا 4 لاکھ 27 ہزار 936 روپے کا ہوگیا

ملک بھر میں سونے کی قیمت میں ایک روز بعد دوبارہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ اور 10 گرام سونے کی نئی قیمتیں جاری کر دی گئی ہیں۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 500 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 27 ہزار 936 روپے کا ہوگیا۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 428 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 66 ہزار 886 روپے پر آگئی ہے۔

دوسری جانب چاندی کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ چاندی 60 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 351 روپے کی ہوگئی۔

عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں فی اونس سونا 5 ڈالر سستا ہو کر 4 ہزار 55 ڈالر کا ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں : سونے کی قیمت میں بڑی کمی، پاکستان میں فی تولہ سونا 3700 روپے سستا ہوگیا

صرافہ ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، ڈالر کی قدر، شرح سود سے متعلق توقعات اور عالمی معاشی و سیاسی صورتحال مقامی صرافہ بازاروں پر براہ راست اثر انداز ہوتی ہے۔

شہریوں نے سونے کی قیمت میں کمی کو خوش آئند قرار دیا ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ موجودہ قیمتوں کے باعث سونا اب بھی عام خریدار کی پہنچ سے دور ہے۔ صرافہ ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں مزید کمی کی صورت میں مقامی سطح پر بھی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔

Scroll to Top