وزارت خزانہ نے وفاقی سرکاری ملازمین کی بنیادی تنخواہوں اور الاؤنسز میں نظرثانی کے حوالے سے وضاحتی آفس میمورنڈم جاری کرتے ہوئے 2 ایڈہاک ریلیف الاؤنسز کو منجمد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وضاحتی مراسلے کے مطابق نئے اور پرانے ملازمین کے لیے 2023 اور 2024 کے ایڈہاک ریلیف الاؤنسز کی شرح مزید بڑھنے کے بجائے موجودہ سطح پر فریز رہے گی اور یہ الاؤنسز آئندہ احکامات تک بنیادی پے سکیل 2022 کی بنیاد پر ہی دیے جائیں گے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2023 پہلے ہی 30 جون 2023 کی سطح پر منجمد ہے، جس کے تحت گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کو بنیادی تنخواہ کا 35 فیصد جبکہ گریڈ 17 سے 22 کے ملازمین کو 30 فیصد الاؤنس مل رہا ہے۔ نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کو بھی یہ الاؤنس 2022 کے پے سکیل کی بنیاد پر ہی ملے گا۔ مزید برآں خصوصی تنخواہیں اور ان سے متعلقہ الاؤنسز بھی 30 جون 2026 کی سطح پر منجمد رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : میٹرک نتائج : پشاور بورڈ کے ہزاروں طالب علم آخر کس مضمون میں ناکام ہوئے؟
آفس میمورنڈم میں مزید بتایا گیا ہے کہ ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2024 بھی بنیادی پے سکیل 2022 کی بنیاد پر ملے گا، جس میں گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین کے لیے 25 فیصد اور گریڈ 17 سے 22 کے ملازمین کے لیے 20 فیصد الاؤنس کی شرح مقرر کی گئی ہے۔
یہ الاؤنس بھی 30 جون 2026 کی سطح پر منجمد رہے گا تاہم یکم جولائی 2026 سے بھرتی ہونے والے نئے ملازمین کو یہ الاؤنس 2024 کے بنیادی پے سکیل کے مطابق فراہم کیا جائے گا۔





