وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مکہ مکرمہ میں طے پانے والے تاریخی مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کرنے کو اپنے لیے باعثِ فخر اور اعزاز قرار دیاہے ۔
اسلام آباد:سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ انہوں نے اپنے عزیز بھائیوں، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ مل کر اس دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ تینوں برادر اسلامی ممالک کے مابین گہرے ایمان، باہمی دوستی اور امن و سلامتی کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، وزیراعظم نے دعا کی کہ حرمین شریفین کے مبارک سائے میں ہونے والا یہ تاریخی معاہدہ آنے والی نسلوں کے لیے امن، استحکام اور ترقی کا ضامن بنے اور پوری امتِ مسلمہ کے لیے خیر و برکت کا ذریعہ ثابت ہو۔





