وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
اجلاس میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے ڈیلرز مارجن سے متعلق پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ سمری کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، علی پرویز ملک اور احد خان چیمہ سمیت متعلقہ وزارتوں کے سیکریٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس منظوری سے قبل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے وزیر پیٹرولیم کی جانب سے منافع مارجن بڑھانے کی یقین دہانی پر ملک گیر ہڑتال ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے بتایا کہ وزیراعظم کی خصوصی منظوری سے ڈیلرز کے منافع میں 1 روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافے کا عندیہ دیا گیا تھا، جس کے بعد ای سی سی کا اجلاس طلب کیا گیا۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نائب چیئرمین طارق حسن کے مطابق اس مجوزہ اضافے کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز کا فی لیٹر مارجن بڑھ کر 10 روپے تک پہنچ جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبر پختونخوا کے 17 افسران کی گریڈ18 میں مستقل بنیادوں پر ترقیاں
انہوں نے مزید بتایا کہ تمام پیٹرول پمپس کو 23 مارچ 2027 تک ڈیجیٹل کرنے کا ہدف مقرر ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بجائے سات روزہ ردوبدل کا نظام قائم کرنے سے متعلق سمری بھی وزیراعظم کو ارسال کر دی گئی ہے۔





