شاہد جان
خیبر پختونخوا اسمبلی میں بانی پی ٹی آئی کی شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقلی اور ان کے علاج معالجے سے متعلق پیش کی گئی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے۔
اسمبلی اجلاس کے دوران یہ قرارداد حکومتی رکن مشتاق احمد غنی نے ایوان میں پیش کی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت انتہائی اہم ہے اور اس حوالے سے تمام تر ضروری اور فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔
قرارداد کے متن میں موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود بانی پی ٹی آئی کو شفا اسپتال منتقل نہ کرنا افسوسناک ہےجس کی یہ ایوان شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ای سی سی کا اجلاس: پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع مارجن میں اضافے کی منظوری دیدی
ایوان نے وفاقی حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ انہیں فوری طور پر شفا اسپتال منتقل کیا جائے اور ان کا علاج ان کے اپنے ذاتی معالجین کی دیکھ بھال اور نگرانی میں کرایا جائے۔
اسپیکر کی جانب سے ایوان میں رائے شماری کرائے جانے پر یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔





