نورعلی وزیر
وانا: جنوبی وزیرستان کی تحصیل توئی خلہ میں سیکیورٹی فورسز کے قلعے کے قریب ایک گھر پر نامعلوم سمت سے کیے گئے کواڈ کاپٹر، جسے ڈریگن ڈرون بھی کہا جا رہا ہے، کے حملے میں ایک ہی خاندان کے تین بچوں سمیت چار افراد شدید زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق واقعہ 30 اگست کی رات پیش آیا، جب نامعلوم افراد کی جانب سے مبینہ طور پر دو کواڈ کاپٹر ڈرون استعمال کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کے قلعے کے قریب بم گرائے گئے۔
حملے کے نتیجے میں 37 سالہ امیر جان، ان کے دو کمسن بیٹے یعقوب (2 تا 3 سال) اور ہارون (3 تا 4 سال) جبکہ بیٹی عائشہ (5 تا 6 سال) زخمی ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں : ممتاز عرف ممتازے کیس میں بڑی پیش رفت، ملزم بحرین سے پاکستان منتقل
تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا منتقل کردیا گیا ہے۔ متاثرہ خاندان کا تعلق دوتانی قبیلے سے بتایا جاتا ہے اور وہ توئی خلہ کے رہائشی ہیں۔
واقعے کے حوالے سے پولیس، سیکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، جبکہ کسی تنظیم نے بھی حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
مقامی شہریوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کرانے کے ساتھ ساتھ کواڈ کاپٹر حملوں کی روک تھام اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔





