پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

Pakistan SCO Summit 2026

بشکیک: پاکستان اور کرغزستان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیئے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادر نور ژاپاروف نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان ٹرانزٹ تجارت کے حوالے سے بھی معاہدہ طے پایا۔

اس کے علاوہ لاہور اور کرغزستان کے شہر اوش کو جڑواں شہر قرار دینے کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔ پاکستان اور کرغزستان کی وزارتِ خارجہ کے درمیان تعاون کے پروگرام سے متعلق دستاویز کا بھی تبادلہ ہوا۔

مختلف اداروں کے درمیان بھی متعدد مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا۔ انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد اور کرغز نیشنل انسٹی ٹیوٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت طے پائی۔

منشیات، نشہ آور اشیا اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت بھی کی گئی، جبکہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) اور کرغزستان کی وزارتِ صحت کے درمیان طبی تعلیم کے شعبے میں تعاون کی یادداشت کا تبادلہ ہوا۔

ورچوئل اثاثہ جات کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت بھی طے پائی، جبکہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) اسلام آباد اور کرغز نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار اسٹریٹجک انیشی ایٹوز کے درمیان تحقیق کے شعبے میں تعاون کے لیے ایم او یو پر دستخط کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم شہباز شریف کا بشکیک میں پرتپاک استقبال، صدارتی محل میں گارڈ آف آنر پیش

قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی بشکیک میں صدارتی محل آمد پر پاکستان اور کرغزستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔ کرغزستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو سلامی دی جبکہ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

معاہدوں پر دستخط کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کرغزستان کے صدر صادر نور ژاپاروف نے وزیراعظم شہباز شریف کو بشکیک آمد پر خوش آمدید کہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوگا۔

کرغز صدر کا کہنا تھا کہ کرغزستان پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی احترام اور تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، جبکہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی روابط اور تجارت کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔

صادر ژاپاروف نے مزید کہا کہ مشکل وقت میں باہمی تعاون اور یکجہتی دونوں ممالک کی دیرینہ روایت ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے بہترین میزبانی پر کرغزستان کے صدر صادر نور ژاپاروف کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے نئے معاہدے دوطرفہ تعاون کو نئی سطح پر لے جائیں گے۔ پاکستان کرغزستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ علاقائی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے پاکستان کرغزستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی امن کوششوں کی گونج بشکیک تک پہنچ گئی، ایرانی صدر کا اعتراف

تجارتی حجم کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک تجارتی حجم میں اضافے کے لیے قوانین کو مزید آسان بنائیں گے اور باہمی تجارت و اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے دستیاب وسائل کو بھرپور انداز میں بروئے کار لایا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دوطرفہ مذاکرات میں تجارتی تعلقات کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور کرغزستان کے تعلقات مستقبل میں نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر کرغزستان کی قیادت قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس سی او سربراہ اجلاس کا کامیاب انعقاد کرغز قیادت کی بہترین صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایس سی او کے پلیٹ فارم سے علاقائی رابطوں، پائیدار ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کا حصول ناگزیر ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top