خیبرپختونخوا میں گورنر راج پر مشاورت مکمل، پیپلزپارٹی نے بھی گرین سگنل دے دیا، سینئر صحافی طارق آفاق کا دعوی

خیبرپختونخوا میں گورنر راج پر مشاورت مکمل، پیپلزپارٹی نے بھی گرین سگنل دے دیا، سینئر صحافی طارق آفاق کا دعوی

سینئر صحافی طارق آفاق نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کے حوالے سے اعلیٰ سطح پر مشاورت مکمل کرلی گئی ہے اور اس سلسلے میں پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے بھی گرین سگنل مل چکا ہے۔

طارق آفاق کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف چارج شیٹ بھی حتمی طور پر تیار کرلی گئی ہے اور اتوار تک گورنر راج کا باقاعدہ اعلامیہ جاری ہونے کا قوی امکان ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں طارق آفاق نے انکشاف کیا کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی جانب سے صوبے کی موجودہ امن و امان اور انتظامی صورتحال پر ایک جامع رپورٹ وفاق کو ارسال کی گئی تھی جس کے بعد اس معاملے پر پیش رفت تیز ہوئی۔

 

ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی اہم شخصیات سے ہونے والی حالیہ ملاقاتوں میں آئینی راستے کے استعمال پر مکمل اتفاق کیا گیا ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی آئینی و قانونی ماہرین سے تفصیلی مشاورت کے بعد فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔

طارق آفاق کے مطابق تمام آئینی اور قانونی امور طے پانے کے بعد آئندہ چند روز میں اہم سیاسی پیش رفت متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا پولیس میں تبادلے اور تعیناتیاں، نوٹیفکیشن جاری

واضح رہے کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی خود بھی حالیہ دنوں میں گورنر راج کے حوالے سے مشاورت کی تصدیق کر چکے ہیں جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے بھی صوبے میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے امکانات سے متعلق بیانات سامنے آتے رہے ہیں۔

Scroll to Top