محبت کا انوکھا انداز، پشاور سے مزدور باپ کی دل چھو لینے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

باپ کی محبت اور شفقت کی عکاسی کرنے والی ایک نایاب ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک مزدور باپ اپنے کمسن بیٹے کے سکول جانے کے دوران اس کے جوتے اپنی قمیض سے صاف کرتا دکھائی دے رہا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ یہ منظر پشاور کے بی آر ٹی اسٹیشن پر اس وقت پیش آیا جب باپ اپنے بیٹے کو اسکول چھوڑنے کے لیے بس کے انتظار میں بیٹھا تھا، ویڈیو میں باپ کو اپنے بچے کے بوٹ صاف کرتے دیکھا جا سکتا ہے جس نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔

یہ منظر اس حقیقت کی خوبصورت عکاسی کرتا ہے کہ باپ غریب ہو یا امیر، اولاد کے لیے اس کی محبت میں کوئی کمی نہیں آتی۔ وہ بچوں کے نخرے اٹھاتا ہے، ان کی چھوٹی چھوٹی خواہشوں کا خیال رکھتا ہے اور اپنی استطاعت سے بڑھ کر انہیں خوش رکھنے کی کوشش کرتا ہے۔

باپ کی محبت اکثر الفاظ کے بجائے عمل میں نظر آتی ہے، وہ اپنی بہت سی خواہشیں اس لیے قربان کر دیتا ہے تاکہ اس کے بچوں کے خواب پورے ہو سکیں، وہ بچوں کے سامنے مضبوط رہتا ہے، مگر ان کی معمولی سی تکلیف بھی اسے اندر سے بے چین کر دیتی ہے۔

شاید اسی لیے باپ اکثر یہ نہیں کہتا کہ میں تم سے بہت محبت کرتا ہوں بلکہ اپنی محنت، قربانی اور بے لوث خدمت سے ہر روز یہ بات ثابت کرتا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی اس خوبصورت منظر کو باپ کی بے مثال محبت اور شفقت کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top