سرکاری فائلیں اب الماریوں میں نہیں سڑیں گی، ایس آئی ایف سی کا ماسٹر پلان،پختونخوا کے کاروباریوں کی بلے بلے

اسلام آباد: سابقہ انتشاری حکومت کی بدترین بدانتظامی اور معاشی تباہ کاریوں کے بعد خیبر پختونخوا کی معیشت کو پٹڑی پر لانے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے افق روشن کرنے کے لیے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے اعلیٰ حکام نے صوبے کا انتہائی اہم دورہ کیا ہے۔

دورے کے دوران ایس آئی ایف سی حکام نے چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا اور مختلف چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں کے ساتھ کلیدی ملاقاتیں کیں، جن کا بنیادی مقصد سابقہ دور کے پھیلائے ہوئے معاشی گند اور ریڈ ٹیپ ازم کا خاتمہ کرتے ہوئے کاروباری برادری کے مسائل کو فوری حل کرنا اور صوبے کو دوبارہ معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

ایس آئی ایف سی حکام نے شرکا کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے واضح کیا کہ آسان کاروبار ایکٹ، نیشنل بزنس پورٹل اور بزنس فسیلیٹیشن سینٹرز کا قیام کاروباری طبقے کے لیے ایک انقلابی سنگِ میل ثابت ہو رہا ہے تاکہ ماضی کی بیوروکریٹک رکاوٹوں اور ڈرامے بازیوں کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

ریاستی ادارے اور صوبائی حکومتیں سرمایہ کاروں کے تمام جائز مسائل اور راہ میں حائل ہر رکاوٹ کو دور کرنے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔

اجلاس میں حطار، رشکئی اور دارابن جیسے 3 بڑے اسپیشل اکنامک زونز کی ترقی اور استعداد کار بڑھانے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جو کہ سابق حکومت کی نااہلی کے باعث التوا کا شکار تھے۔ یہ زونز اب صوبے میں صنعتی انقلاب کی بنیاد رکھیں گے اور ہزاروں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کے موقع فراہم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : من پسند ٹھیکیداروں پر فضل الرحمان خاندان کی کرم نوازی، 24 ارب کے سڑک منصوبے میں اربوں کے کمیشن کا کھلم کھلا انکشاف

پاکستان کی تباہ حال معیشت کو مستحکم کرنے اور وفاق و صوبوں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے ایس آئی ایف سی کا قیام ایک کلیدی قومی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس سے خیبر پختونخوا کے پسماندہ اور نظر انداز کیے گئے صنعتی زونز کو قومی دھارے میں لایا جا رہا ہے۔

خیبر پختونخوا میں اٹھائے جانے والے یہ اقدامات محض پی ٹی آئی کے دور جیسے کاغذی دعوے نہیں بلکہ ان کے پیچھے ایک جامع فریم ورک کام کر رہا ہے۔

نیشنل بزنس پورٹل اور آسان کاروبار ایکٹ کے ذریعے ریگولیٹری رکاوٹوں کو ختم کر کے سرمایہ کاروں کا کھویا ہوا اعتماد بحال کیا جا رہا ہے۔

حطار، رشکئی اور دارابن اکنامک زونز کی مکمل شفافیت اور تیز رفتار فعال سازی کے ساتھ خیبر پختونخوا کی معیشت کا یہ گیم چینجر منصوبہ صوبے سے معاشی انارکی کے اندھیرے چھانٹنے کا حتمی ذریعہ بنے گا۔

Scroll to Top