وزیرِ اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے علاج معالجے میں نہ تو کوئی کوتاہی برتی گئی ہے اور نہ ہی آئندہ کی جانی چاہیے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ شب بانی پی ٹی آئی کو طبی معائنے کے لیے اسپتال لایا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے ان کا تفصیلی چیک اپ کیا۔
رانا ثنااللہ کے مطابق اگر معالجین انہیں اسپتال میں داخل رکھنے کا مشورہ دیتے تو حکومت یقینی طور پر انہیں داخل کر لیتی۔
رانا ثنااللہ نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے اس معاملے کو وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی براہِ راست دیکھ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی نے ہر موقع پر پی ٹی آئی قیادت کے سامنے حقائق رکھے اور بتایا کہ علاج سے متعلق جو بھی مطالبہ کیا گیا اس پر عمل درآمد ہوا اور اس دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان یا کسی اور رہنما نے محسن نقوی کی کسی بات کی تردید نہیں کی۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ وہ 1958 سے لے کر اب تک کے تمام غیر آئینی اقدامات کی ذمہ داری موجودہ قیادت پر عائد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر مسلح افواج کا ساتھ دینا ناگزیر ہے۔
مشیروزیرِ اعظم نے کہا کہ وہ پہلے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے مشاورت کریں گے اور اس کے بعد مولانا فضل الرحمان سے بھی بات کریں گے کیونکہ سیاسی درجہ حرارت کم کرنے کے لیے سیز فائر ہونا چاہیے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مولانا کا ساتھ انتہائی اہم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صارفین کی بڑی خواہش پوری! واٹس ایپ کا نیا بہترین فیچر سامنے آ گیا
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کی جانب سے پنجاب میں مبینہ کرپشن سے متعلق دیے گئے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ چوہدری سالک حسین ایک شریف اور جینٹل مین انسان ہیں تاہم وہ جن حلقوں میں اٹھتے بیٹھتے ہیں وہاں اس قسم کی باتیں زیرِ بحث آتی ہیں کہ فائلیں بن رہی ہیں اور سب کچھ نوٹ ہو رہا ہے۔
رانا ثنااللہ کے بقول ہر دور میں ایسی افواہیں سننے کو ملتی ہیں جن کے بعد میں کوئی ثبوت سامنے نہیں آتے اور بظاہر چوہدری سالک بھی انہی باتوں سے متاثر ہو کر یہ بیان دے بیٹھے حالانکہ ان کے اپنے بھائی صوبائی وزیر ہیں۔





