اسلام آباد: سڑکوں پر عبرتناک شکست اور احتجاجی سیاست کا جنازہ نکلنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سپریم کورٹ کو لکھا گیا طویل خط ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گیا ہے، جو کسی آئینی حق کے لیے نہیں بلکہ صرف اور صرف ’این آر او‘ مانگنے کا ایک اور گھٹیا اور مایوس کن طریقہ ہے۔
جو عناصر کل تک ملک بھر میں سیاسی مخالفین کو این آر او کے طعنے دیتے نہیں تھکتے تھے، آج وہ خود عدلیہ کی دہلیز پر ریلیف کے سب سے بڑے طلبگار بن چکے ہیں، اور عمران خان کا یہ خط زمینی حقائق کے یکسر منافی اور ان کے سیاسی دیوالیہ پن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کسی سیاسی انتقام کا شکار نہیں بلکہ 190 ملین پاؤنڈ کے سنگین کرپشن کیس میں سزا یافتہ ہونے کے باعث اڈیالہ جیل میں قید ہیں، جہاں انہیں قانون کے مطابق تمام طبی اور بنیادی سہولتیں بھی مکمل طور پر فراہم کی جا رہی ہیں، لیکن اس کے باوجود عوام کو گمراہ کرنے کے لیے سیاسی ڈرامے بازی کا بازار گرم رکھا گیا ہے۔
پی ٹی آئی اور اڈیالہ کے اس قیدی کو یہ عقل کیوں نہیں آتی کہ نظامِ عدل چٹھیوں، خطوط اور بلیک میلنگ سے نہیں بلکہ باضابطہ کارروائیوں اور ٹھوس قانونی دلائل سے چلتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : 1500 روپے والے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی، 30 لاکھ روپے کا پہلا انعام کس نے جیت لیا؟ مکمل تفصیلات سامنے آگئیں
عدالتوں کے واضح احکامات کے باوجود جیل ملاقاتوں کو جس بے دردی سے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا اور عدالتی احکامات کو ردی کی ٹوکری میں ڈالا گیا، وہ قانون کی بالادستی کا ڈھونگ رچانے والوں کا اصل مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے کے لیے کافی ہے۔
اب وقت آ گیا ہے کہ عدلیہ ان مسلسل خلاف ورزیوں پر سخت نوٹس لے تاکہ قانون کا احترام ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔ بانی پی ٹی آئی اور ان کے وکلاء کو اب کان کھول کر سن لینا چاہیے کہ اب کسی بھی قسم کی “ڈیل یا ڈھیل” کا دور دور تک کوئی امکان نہیں ہے۔
عدالتوں سے ملنے والی سزائیں ہر حال میں پوری کرنی پڑیں گی، اور اگر عدالتی ریلیف کی کوئی بھی صورت نکلتی ہے تو وہ صرف اور صرف باضابطہ قانونی پروسیجر سے حاصل ہوگا نہ کہ اس طرح کے من گھڑت اور سیاسی خطوط لکھنے سے!





