پی ٹی آئی کے 26 نومبر مارچ میں 3 رینجرز اہلکاروں کو گاڑی سے کچلنے کے ملزم کی ضمانت منسوخ، عدالت کا یکم مارچ 2025 کا حکم کالعدم قرار

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے 26 نومبر 2024 کو وفاقی دارالحکومت میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران 3 رینجرز اہلکاروں کو گاڑی سے کچل کر شہید کرنے کے مقدمے میں ملزم محمد ہاشم عباسی کی ضمانت منسوخ کر دی ہے۔

 چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے انسداد دہشتگردی عدالت کا یکم مارچ 2025 کا ضمانت منظوری کا حکم نامہ کالعدم قرار دیتے ہوئے معاملہ دوبارہ فیصلے کے لیے ٹرائل کورٹ کو بھجوا دیا ہے، جبکہ فریقین کو 25 نومبر 2026 کو ٹرائل کورٹ کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

عدالتی فیصلہ اور قانونی نکات

اسلام آباد ہائیکورٹ کے تحریری فیصلے کے مطابق ملزم محمد ہاشم عباسی کو انسداد دہشتگردی عدالت کی جانب سے دی گئی بعد از گرفتاری ضمانت کے خلاف قانونی اعتراضات اٹھائے گئے تھے۔

عدالت عالیہ نے اپنے فیصلے میں ضمانت دینے اور پہلے سے منظور شدہ ضمانت منسوخ کرنے کے قانونی اصولوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے تحت آزادی کا حق ایک قیمتی بنیادی حق ہے جسے محض مبہم الزامات کی بنیاد پر سلب نہیں کیا جا سکتا، اور ایک بار ضمانت ملنے کے بعد اسے منسوخ کرنے کے لیے انتہائی مضبوط اور غیر معمولی وجوہات درکار ہوتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : گورنر ہاؤس پشاور میں فیصل کریم کنڈی اور سوئس سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات، نئے معاہدوں اور اسٹوڈنٹ ڈپلومیسی کے فروغ پر اتفاق

تاہم ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ اگر کسی ماتحت عدالت کا حکم غیر قانونی بنیادوں یا غلط قانونی تناظر میں جاری کیا گیا ہو تو اسے کالعدم قرار دیا جا سکتا ہے۔

 عدالت نے ایک اہم قانونی نکتہ واضح کرتے ہوئے کہا کہ کسی ملزم کا ایف آئی آر میں نامزد نہ ہونا بذاتِ خود ضمانت دینے یا مقدمے کو مزید انکوائری کے زمرے میں شامل کرنے کے لیے کافی جواز نہیں بن سکتا، بلکہ ضمانت کی درخواست پر فیصلہ کرتے وقت تفتیشی مواد، شناخت پریڈ، دستیاب شواہد اور مقدمے کے مجموعی حقائق کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ تحریری فیصلے میں تفتیشی ریکارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بھی قرار دیا گیا کہ دورانِ تفتیش یہ بات سامنے آئی تھی کہ واقعے کے وقت گاڑی محمد ہاشم عباسی چلا رہا تھا۔

استغاثہ (پراسیکیوشن) کا مؤقف

سماعت کے دوران پراسیکیوٹر جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ انسداد دہشتگردی عدالت کا ضمانت منظور کرنے کا فیصلہ قانون اور دستیاب حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا، کیونکہ ٹرائل کورٹ نے اپنے فیصلے میں کوئی ایسی ٹھوس وجہ بیان نہیں کی جس کی بنیاد پر مقدمے کو مزید انکوائری کا کیس قرار دیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : 9  مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس، تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ملتوی

 استغاثہ کے مطابق ملزم کی شناخت پریڈ سمیت تفتیش کے تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے تھے اور دستیاب شواہد ملزم کا جرم سے تعلق ظاہر کرتے ہیں، اس لیے محض ایف آئی آر میں نام درج نہ ہونے کو ضمانت کی بنیاد نہیں بنایا جا سکتا تھا۔

وکیلِ صفائی کے دلائل

دوسری جانب ملزم محمد ہاشم عباسی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کا موکل ایک دوسرے مقدمے میں قید ہونے کے باعث موجودہ کارروائی میں پیش نہیں ہو سکا۔ وکیلِ صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کی ضمانت منظور ہوئے ڈیڑھ سال سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے، اس دوران وہ ٹرائل کورٹ میں باقاعدگی سے پیش ہوتا رہا اور اس نے ضمانت کی کسی شرط کی خلاف ورزی یا اس کا ناجائز استعمال نہیں کیا۔

 وکیل نے شناخت پریڈ کی قانونی حیثیت پر بھی اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی مقررہ قانونی ضابطوں کے مطابق نہیں کی گئی، اس لیے اسے ملزم کے خلاف قابلِ اعتماد بنیاد نہیں بنایا جا سکتا۔

یہ بھی پڑھیں : 13 برس تک لوٹ مار اور نااہلی کے باعث تعلیمی ڈھانچہ کھنڈر بن گیا، قبائلی اضلاع سمیت پختونخوا کے 12 اضلاع میں تعلیمی بحران، 382 اسکول بند

مقدمے کا پس منظر اور آئندہ کی کارروائی

واضح رہے کہ یہ مقدمہ 26 نومبر 2024 کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران پیش آنے والے واقعے پر تھانہ رمنا میں درج کیا گیا تھا، جس میں گاڑی کی ٹکر سے 3 رینجرز اہلکار شہید ہوئے تھے۔

 پولیس نے محمد ہاشم عباسی کو گاڑی چلانے کے الزام میں گرفتار کیا تھا، جس کے بعد انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے یکم مارچ 2025 کو مزید انکوائری کی گنجائش قرار دیتے ہوئے 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ملزم کی ضمانت منظور کی تھی۔

اب اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے سابقہ حکم نامہ کالعدم قرار دیے جانے کے بعد ٹرائل کورٹ کو تفتیشی شواہد، شناخت پریڈ اور قانونی تقاضوں کی روشنی میں ملزم کی ضمانت کی درخواست پر ازسرِ نو فیصلہ کرنا ہوگا۔

Scroll to Top