مہنگائی کی ستائے عوام کیلئے بری خبر، آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ

مہنگائی کی ستائے عوام کیلئے بری خبر، آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ

پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے، جس سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

قومی اخبار (روزنامہ پاکستان ویب سائٹ)کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور میں ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آٹا ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق مکس آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اب 2400 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ فائن آٹے کا 20 کلو تھیلا 2600 روپے تک پہنچ چکا ہے۔

ادھر پنجاب کے شہر سرگودھا میں بھی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق سفید آٹے کے گٹو کی قیمت میں 20 روپے جبکہ سرخ آٹے کے گٹو میں 10 روپے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومتی اعلانات اور دعوؤں کے باوجود بیشتر علاقوں میں سرکاری نرخوں پر آٹا دستیاب نہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر آٹے جیسی بنیادی ضرورت کی چیز عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو گئی تو غذائی بحران جنم لے سکتا ہے۔

Scroll to Top