پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی لازوال دوستی پر فخر ہے، شہباز شریف

پاکستان کو چین کے ساتھ اپنی لازوال دوستی پر فخر ہے، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے برادرانہ اور تاریخی تعلقات پر فخر کرتا ہے۔ چین کے 76ویں قومی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے چینی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی اور چین کی ترقی، خوشحالی اور عالمی کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت میں چین دنیا کے لیے ایک روشن مثال بن چکا ہے، جبکہ پاکستان اور چین کی دوستی ایک اٹل رشتہ ہے جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ چین کو نہایت نتیجہ خیز قرار دیا، جہاں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے طے پائے۔ انہوں نے سی پیک کو دونوں ممالک کی شراکت داری کا سنگ میل قرار دیا جو ترقی کا نیا باب ہے۔

ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی چین کے قومی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے پاک چین تعلقات کو خطے میں توازن اور ترقی کی ضمانت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا اور سی پیک جیسا منصوبہ دونوں ممالک کی عظیم شراکت داری کا مظہر ہے۔

Scroll to Top