کنگسٹن :بحرِ کیریبین میں تباہی مچانے والا سمندری طوفان ملیسا کیٹگری تھری میں تبدیل ہونے کے بعد بہاماس کی جانب بڑھنے لگا ہے۔
اب تک طوفان سے 30 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جن میں ہیٹی میں 25، جمیکا میں 4 اور ڈومینیکا میں ایک شخص شامل ہے۔
بہاماس کے جنوبی علاقوں میں انخلا کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ کیوبا میں تقریباً 7 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل اور متعدد سڑکیں بند ہیں۔جمیکا میں طوفان کے باعث سینٹ الزبتھ کا علاقہ مکمل طور پر زیرِ آب آگیا، جہاں 5 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں۔
تیز ہواؤں، طوفانی بارشوں اور زمین کھسکنے کے واقعات نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جبکہ ہزاروں مکانات متاثر ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان سے آج ملاقات کیلئے ناموں کی الگ الگ فہرستیں سامنے آ گئیں
جمیکا کے وزیراعظم اینڈریو ہولنس نے پورے ملک کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے عالمی امداد کی اپیل کی ہے۔
دوسری جانب امریکا نے طوفان ملیسا سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے دی ہے تاکہ متاثرہ ممالک کو فوری انسانی اور تکنیکی مدد فراہم کی جا سکے۔





