پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے بھارت کے خلاف فائنل میں فتح حاصل کرنے والی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کے لیے 50، 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
پاکستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو شکست دی، جس کے بعد محسن نقوی نے ایک بڑا اعلان کیا۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران انعامی رقم کا اعلان کیا اور کہا کہ آپ سب نے جنگجو بن کر پاکستان کا نام فخر سے بلند کیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے اس موقع پر خاص طور پر بھارت کے خلاف شاندار 172 رنز بنانے والے بیٹر سمیر منہاس کی تعریف کی اور کہا کہ سمیر منہاس آپ ہمارے فخر ہیں، آپ نے بہترین کھیل پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کو شکست، پاکستان انڈر 19 ایشیا کپ کا چیمپئن بن گیا
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سمیر منہاس کے لیے انفرادی اعلان بھی کیا، انہوں نے سمیر سے ملاقات کے دوران کہا کہ آپ کے اگلے 2 سال کے اخراجات پی سی بی برداشت کرے گا۔
واضح رہے دبئی میں کھیلے گئے فائنل میچ میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے بھارت کو 191 رنز کی زبردست شکست دے کر پہلی بار انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔
دبئی میں کھیلے گئے اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 348 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان کی تباہ کن باؤلنگ کےسامنے بھارتی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔





