بادل پھر برسنے کو بے قرار! 18 سے 23 اپریل تک بارش کا امکان، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

بادل پھر برسنے کو بے قرار! 18 سے 23 اپریل تک بارش کا امکان، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

این ڈی ایم اے کا ملک بھر میں موسمی الرٹ جاری، 18 سے 23 اپریل تک خطرناک بارشوں، آندھی اور ژالہ باری کا خدشہ۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں 18 سے 23 اپریل کے دوران ممکنہ شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق بالائی اور وسطی پنجاب میں 18 اور 19 اپریل کے دوران وقفے وقفے سے گرج چمک، آندھی اور طوفان کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی اور سرگودھا سمیت دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، لاہور اور ڈیرہ غازی خان کے گردونواح میں بھی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

جنوبی پنجاب میں 18، 19 اور 23 اپریل کو چند مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے۔بلوچستان کے شمالی اور مغربی اضلاع کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلات، تربت، خضدار اور قلعہ سیف اللہ میں 18، 19، 22 اور 23 اپریل کو گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ گوادر اور ساحلی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ دیگر علاقوں میں موسم زیادہ تر خشک رہے گا۔

سندھ کے مختلف اضلاع خیرپور، سکھر، حیدرآباد، عمرکوٹ، مٹھی، بدین، کراچی اور کیٹی بندر میں 19 اور 20 اپریل کو آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ تاہم سندھ کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع بشمول پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بنوں اور وزیرستان میں بارش اور آندھی متوقع ہے، جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی 18، 19، 22 اور 23 اپریل کے دوران تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کے نظام کو نقصان پہنچا سکتی ہے، جبکہ بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہو کر ٹریفک حادثات کا سبب بن سکتی ہیں۔

ادارے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور سیاحوں کو شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال چیک کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Scroll to Top