پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ، کیڈٹس نے عزم و حوصلے کی نئی مثال قائم کر دی۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پی ایم اے لانگ کورس اور ٹیکنیکل گریجوایٹ کورس کی پروقار پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس میں کیڈٹس نے شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی تربیت کی تکمیل کی۔
153 ویں پی ایم اے لانگ کورس اور 38 ویں ٹیکنیکل گریجوایٹ کورس کی اس تقریب کے مہمان خصوصی ظہیر احمد بابر تھے، جنہوں نے چاق و چوبند دستوں کی پریڈ کا معائنہ کیا۔
پریڈ کے دوران بارش شروع ہو گئی، تاہم کیڈٹس نے غیر معمولی جذبے اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے پریڈ جاری رکھی اور مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی، جسے حاضرین نے خوب سراہا۔
تقریب میں 72ویں انٹیگریٹڈ کورس، 15ویں مجاہد کورس اور 27ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس بھی کامیابی سے پاس آؤٹ ہوئے۔ اس موقع پر 30 غیر ملکی کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہوئے، جن کا تعلق سری لنکا، عراق، فلسطین، قطر، مالدیپ، مالی اور نیپال سے تھا، جو پاک فوج کے تربیتی معیار پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔

مہمان خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں اعزازات تقسیم کیے۔ کیڈٹ بلال نسیم کو اعزازی شمشیر سے نوازا گیا، جبکہ سینئر انڈر آفیسر بٹالین محمد سعد موسیٰ کو صدارتی طلائی تمغہ عطا کیا گیا۔ کیڈٹ مسعود الرحمان کو چیف آف آرمی اسٹاف مارکس مین ایوارڈ دیا گیا۔
اسی طرح کیڈٹ حیدر بن عابد اور سارجنٹ پیر محمد عبداللہ شاہ کو چیف آف آرمی اسٹاف کین سے نوازا گیا، جبکہ نیپال سے تعلق رکھنے والے سینئر انڈر آفیسر کو چیف آف ڈیفنس فورسز اوورسیز گولڈ میڈل دیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس نے مادرِ وطن سے وفاداری کا حلف اٹھایا، جبکہ حیدر کمپنی کو بہترین کارکردگی پر قائداعظم بینر سے بھی نوازا گیا۔





