پی ایس ایل 11: لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہرادیا

پاکستان سپر لیگ 11 کے 30 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 رنز سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔

لاہور کی جانب سے فخر زمان نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 51 گیندوں پر 103 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 6 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔

اس کے علاوہ چریتھ اسالانکا 31 اور ڈینئل سیمس 18 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کوئٹہ کی جانب سے خلیل احمد نے 2 جبکہ ابرار احمد، عثمان طارق اور بریٹ ہیمٹن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 188 رنز بنا سکی۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے رائیلی روسو نے 62 اور شامل حسین نے 53 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلیں جبکہ اختتامی لمحات میں ابرار احمد نے 24 رنز بنا کر میچ کو دلچسپ بنایا لیکن وہ ٹیم کو فتح نہ دلوا سکے۔

قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے دو جبکہ شاہین آفریدی، سکندر رضا، عبید شاہ اور اسامہ میر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

Scroll to Top