مفت تعلیم کا سنہری موقع، پاکستانی طلبہ کے لیے اسکالرشپ کا اعلان

جاپان کی حکومت نے MEXT اسکالرشپ 2027 کے لیے باضابطہ طور پر درخواستوں کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت پاکستانی طلبہ کو بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں مکمل فنڈنگ کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔

یہ اسکالرشپ جاپان کی وزارتِ تعلیم، ثقافت، کھیل، سائنس و ٹیکنالوجی (MEXT) کی جانب سے دی جاتی ہے اور دنیا کی نمایاں بین الاقوامی اسکالرشپس میں شمار کی جاتی ہے، جو طلبہ کو اعلیٰ معیار کی تعلیم کے ساتھ مکمل مالی معاونت فراہم کرتی ہے۔

اس پروگرام کے تحت منتخب طلبہ کو مکمل ٹیوشن فیس اور داخلہ فیس کی ادائیگی کے ساتھ ماہانہ وظیفہ، رہائش، اور دیگر تعلیمی اخراجات فراہم کیے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ آنے جانے کے فضائی ٹکٹ بھی حکومتِ جاپان کی جانب سے فراہم کیے جاتے ہیں، جبکہ بعض صورتوں میں اضافی تعلیمی معاونت بھی دی جاتی ہے۔

یہ اسکالرشپ ایمبیسی ٹریک کے ذریعے حاصل کی جا سکتی ہے، اور درخواست دینے کی آخری تاریخ جاپانی سفارتخانے کی پالیسی کے مطابق مختلف ہو سکتی ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ اس اسکالرشپ کے لیے IELTS کی شرط لازمی نہیں ہوتی، نہ ہی کوئی درخواست فیس لی جاتی ہے، جبکہ ابتدائی مرحلے میں یونیورسٹی کا ایڈمیشن لیٹر بھی درکار نہیں ہوتا۔ فائنل ایئر کے طلبہ بھی اس اسکالرشپ کے لیے درخواست دینے کے اہل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں ایران اور امریکا کے درمیان کوئی ملاقات طے نہیں، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

پروگرام کے تحت بیچلرز ڈگری کا دورانیہ 4 سے 5 سال، ماسٹرز 2 سے 3 سال جبکہ پی ایچ ڈی 3 سے 4 سال پر محیط ہوتا ہے۔ طلبہ انجینئرنگ، میڈیکل، سوشل سائنسز، آرٹس اور ہیومینیٹیز سمیت مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔

درخواست دہندگان کے لیے ضروری ہے کہ وہ جاپانی شہری نہ ہوں، مطلوبہ تعلیمی معیار پر پورا اترتے ہوں اور اپنی تعلیمی اسناد سفارتخانے کے ذریعے جمع کروائیں۔

دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو جاپانی سفارتخانے کی آفیشل ویب سائٹ پر MEXT 2027 اسکالرشپ سیکشن ملاحظہ کرنے اور ہدایات کے مطابق درخواست جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Scroll to Top