اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ کے پلے آف مرحلے سے قبل شائقینِ کرکٹ کی جانب سے اسٹیڈیمز کھولنے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے، سوشل میڈیا پر “Open PSL for Public” ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق شائقین نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ پی ایس ایل کے پلے آف میچز بھی اسٹیڈیم میں دیکھنے کی اجازت دی جائے تاکہ ایونٹ کا جوش و خروش بحال ہو سکے۔ اس سے قبل وزیراعظم فائنل میچ کے لیے شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت دے چکے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے بھی شائقین کے حق میں آواز اٹھاتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ پی ایس ایل شائقین کے بغیر ادھورا لگتا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ میدان کو دوبارہ تماشائیوں سے آباد کیا جائے۔
PSL اب شائقین کے بغیر بالکل اچھا نہیں لگ رہا،وقت ہے کہ اب شائقین کے ساتھ میدان اور ٹرافی کو سجایا جائے#OpenPSLforPublic #BringBackFans #PSL #PakistanCricket
— Azma Zahid Bokhari (@AzmaBokhariPMLN) April 26, 2026
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ 11 کے راؤنڈ میچز کے اختتام کے بعد پلے آف مرحلے کے لیے چار ٹیمیں فائنل ہو چکی ہیں۔ ان میں پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ، ملتان سلطانز اور حیدرآباد کنگز شامل ہیں۔
ایونٹ میں پلے آف مرحلے کا آغاز منگل سے ہوگا، جہاں شائقین پرامید ہیں کہ انہیں اسٹیڈیمز میں میچز دیکھنے کا موقع دیا جائے گا۔





