پی ایس ایل میں پشتو کمنٹری، شائقین کے لیے بڑی خوشخبری

پاکستان سپر لیگ کے مداحوں کے لیے ایک دلچسپ خبر سامنے آئی ہے جہاں ایونٹ کی تاریخ میں پہلی بار پشتو زبان میں کمنٹری متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس اقدام کو کرکٹ کے فروغ اور پختون شائقین کی دلچسپی بڑھانے کے لیے ایک بڑا سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی کے تعاون سے شروع کیے گئے اس منصوبے کے تحت زلمی کے تمام بقیہ میچز ایک مخصوص ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر پشتو کمنٹری کے ساتھ نشر کیے جائیں گے تاکہ خیبر پختونخوا اور دنیا بھر کے پشتو بولنے والے مداح اپنی پسندیدہ ٹیم کے میچز سے بھرپور لطف اندوز ہو سکیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل اب اپنے آخری اور سنسنی خیز مرحلے میں پہنچ چکی ہے جہاں کل پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان بڑا کوالیفائر میچ کھیلا جائے گا۔

اس اہم مقابلے میں جو ٹیم جیتے گی وہ براہِ راست فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لے گی، تاہم ہارنے والی ٹیم کے لیے ابھی سفر ختم نہیں ہوگا اور اسے ایلیمینیٹر مرحلے کی صورت میں فائنل میں پہنچنے کا ایک اور موقع ملے گا۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کے رواں سیزن کا بڑا فائنل 3 مئی کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں سجے گا جہاں ٹرافی کے حصول کے لیے دو بہترین ٹیموں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

Scroll to Top