ہنرمند افراد کے لیے نیوزی لینڈ کا بڑا اعلان

نیوزی لینڈ نے غیر ملکی ہنر مند افراد کے لیے مستقل رہائش کے حصول کے عمل کو آسان بنانے کے لیے نیا اسکلڈ مائیگرنٹ ریزیڈنٹ ویزا متعارف کرا دیا ہے، جسے ماہرین ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اس ویزا کے تحت دنیا بھر کے وہ افراد جو ہنر مند پیشوں سے وابستہ ہیں اور نیوزی لینڈ میں مستقل رہائش کے خواہشمند ہیں، انہیں نہ صرف کام اور رہائش کا موقع ملے گا بلکہ وہ اپنے اہلِ خانہ کو بھی ساتھ لے جا سکیں گے۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق اس اسکیم کا مقصد ملک میں ہنر مند افرادی قوت کو فروغ دینا ہے۔ اس ویزا کے ذریعے درخواست گزار غیر معینہ مدت تک نیوزی لینڈ میں قیام کر سکتے ہیں اور اپنے شریکِ حیات کے ساتھ 24 سال تک کے زیر کفالت بچوں کو بھی شامل کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : روس کا نیا ویزا پروگرام،پاکستانیوں کےلئے سنہری موقع

حکام کے مطابق ویزا کی ابتدائی فیس 6450 نیوزی لینڈ ڈالر مقرر کی گئی ہے، جبکہ دو سال تک قیام کے بعد درخواست گزار مستقل رہائشی حیثیت کے لیے اہل ہو جاتا ہے، جس کے بعد ملک میں آزادانہ آمد و رفت ممکن ہو جاتی ہے۔

اہلیت کے بنیادی تقاضے

اس ویزا کے لیے درخواست دینے والے افراد کی عمر 55 سال یا اس سے کم ہونا ضروری ہے۔ امیدوار کا صحت مند ہونا اور کردار کے لحاظ سے صاف ریکارڈ رکھنا لازمی ہے، جبکہ انگریزی زبان پر عبور بھی بنیادی شرط قرار دی گئی ہے۔

درخواست دہندہ کے پاس کسی تسلیم شدہ آجر کے ساتھ کل وقتی ہنرمند ملازمت یا جاب آفر ہونا ضروری ہے، اور کم از کم 6 اسکلڈ پوائنٹس حاصل کرنا لازم ہے۔

ملازمت اور تنخواہ کی شرائط

ملازمت ہفتہ وار کم از کم 30 گھنٹے پر مشتمل ہونی چاہیے اور مستقل یا کم از کم 12 ماہ کے معاہدے یا 6 ماہ کے مسلسل کنٹریکٹ پر مبنی ہونا ضروری ہے۔

تنخواہ کے حوالے سے بھی واضح معیار مقرر کیا گیا ہے، جس کے مطابق ANZSCO لیول 1 تا 3 کے لیے کم از کم 35 نیوزی لینڈ ڈالر فی گھنٹہ جبکہ لیول 4 تا 5 کے لیے 52.50 نیوزی لینڈ ڈالر فی گھنٹہ مقرر کیے گئے ہیں۔

پوائنٹس سسٹم

ویزا کے لیے کم از کم 6 پوائنٹس درکار ہوتے ہیں، جو تعلیمی قابلیت، پیشہ ورانہ رجسٹریشن اور آمدنی کی بنیاد پر حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ نیوزی لینڈ میں کام کے تجربے پر اضافی 3 پوائنٹس بھی دیے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عیدالاضحیٰ 2026: قربانی کے جانور مہنگے، بکرے اور گائے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

انگریزی زبان کی شرط

درخواست دہندہ کے ساتھ شریکِ حیات اور 16 سال یا اس سے زائد عمر کے بچوں کے لیے بھی انگریزی زبان کی اہلیت لازمی قرار دی گئی ہے، بصورت دیگر انہیں زبان سیکھنے کے اخراجات برداشت کرنا ہوں گے۔

درخواست دینے کا طریقہ کار

ویزا کے حصول کے لیے امیدوار کو پہلے Expression of Interest جمع کرانا ہوگا۔ اہلیت مکمل ہونے پر Invitation to Apply جاری کیا جائے گا، جس کے بعد پاسپورٹ، میڈیکل رپورٹ اور پولیس سرٹیفکیٹ سمیت تمام دستاویزات چار ماہ کے اندر جمع کرانا لازم ہوگا۔

حکام کے مطابق بعض صورتوں میں درخواست گزار سے اضافی دستاویزات یا انٹرویو بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔

امیگریشن ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ درخواست دینے سے قبل تمام شرائط کو بغور سمجھنا ضروری ہے تاکہ کسی بھی قسم کی تاخیر یا درخواست مسترد ہونے سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top