فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مسلسل رابطے میں ہیں، ایران سے معاہدے کی امید ہے،امریکا

امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے حتمی مسودے کی تیاری مکمل ہونے کے قریب بتائی جا رہی ہے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق اس سفارتی عمل میں پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا ہے، جبکہ پاکستانی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تہران پہنچ چکے ہیں جہاں وہ اہم ملاقاتوں میں شریک ہیں۔

امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے سوئیڈن میں نیٹو اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں پاکستان ایک اہم ثالث کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے۔

ان کے مطابق وہ مسلسل پاکستانی عسکری قیادت سے رابطے میں ہیں، اور اس سفارتی عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔

مارکو روبیو نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں اگرچہ ابھی کئی اہم امور حل طلب ہیں، تاہم کچھ مثبت پیش رفت ضرور ہوئی ہے جس سے معاہدے کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات میں سب سے حساس مسائل ایران کا جوہری پروگرام، یورینیئم افزودگی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ڈونلڈ ٹرمپ کا بیٹے کی شادی میں شرکت نہ کرنے کا اعلان، بڑی وجہ سامنے آگئی

امریکی وزیر خارجہ نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کسی صورت ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

انہوں نے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں ممکنہ ٹول ٹیکس یا بحری گزرگاہ پر فیس عائد کرنے کے منصوبے کو بھی ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کی عالمی سطح پر مخالفت ہونی چاہیے۔

دوسری جانب سفارتی ذرائع کے مطابق مذاکرات میں فریقین کے درمیان اب بھی کئی نکات پر اختلاف موجود ہیں، تاہم جنگ بندی معاہدے کی سمت میں پیش رفت کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top