نوشہرہ،گل مارکیٹ کپڑا بازار میں ہولناک آتشزدگی، آپریشن جاری

فضل نبی

نوشہرہ میں تقویٰ مسجد کے قریب واقع مشہور گل مارکیٹ کپڑا بازار میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی ہے۔

آگ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 نوشہرہ نے فوری اور ہنگامی کارروائی کرتے ہوئے ضلع بھر کے تمام ریسکیو اسٹیشنز سے فائر وہیکلز اور فائر فائٹرز کی ٹیموں کو جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دیا ہے۔

کپڑے کا بازار ہونے کے باعث آگ کی شدت انتہائی تیز ہے، جس کے پیشِ نظر بیک اپ کے طور پر ریسکیو 1122 مردان اور پشاور سے بھی فائر وہیکلز اور اضافی فائر فائٹرز کا عملہ فوری طور پر طلب کر لیا گیا ہے تاکہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : نوشہرہ: ویلڈر کی دکان میں سلنڈر دھماکا، ایک شخص جاں بحق، دو زخمی

اس وقت ریسکیو 1122 کی بھاری نفری اور متعدد فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ کر بھرپور انداز میں فائر فائٹنگ آپریشن میں مصروف ہیں اور آگ بجھانے کا عمل تاحال جاری ہے۔

ریسکیو اہلکار مارکیٹ میں جانی و مالی نقصان کو کم سے کم رکھنے اور قریبی دکانوں کو لپیٹ میں آنے سے بچانے کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نوشہرہ، ملک اشفاق حسین کی خصوصی ہدایت پر تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے، جبکہ وہ خود اس بڑے ریسکیو آپریشن کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق نقصان کی تفصیلات آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آ سکیں گی۔

Scroll to Top