گورنر فیصل کریم کنڈی

صوبے کے حقوق گالم گلوچ سے نہیں دلیل سے لیں گے،گورنر فیصل کریم کنڈی

حمد اللہ 

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کے حقوق گالم گلوچ سے نہیں بلکہ دلیل اور دلائل کے ساتھ حاصل کیے جائیں گے۔

ایبٹ آباد میں پیپلز پارٹی کے ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس وقت خیبر پختونخوا کرپشن اور بدامنی کا شکار ہے اور یہاں عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف کے پی پولیس کی قربانیاں سب سے زیادہ ہیں مگر ان کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں کم ہیں جنہیں بڑھانے کی ضرورت ہے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبے کے معاشی و آئینی حقوق پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر چشمہ لفٹ کینال بن جائے تو خیبر پختونخوا گندم میں خود کفیل ہو سکتا ہےاور اگر وفاق نے اس کے لیے فنڈز نہ دیے تو ہم دوست ممالک کے تعاون سے یہ نہر خود بنائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئین کے آرٹیکل 158 کے تحت پیدا ہونے والی گیس پر پہلا حق اسی صوبے کا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے اجتماعی اقدامات ناگزیر ہیں، فیصل کریم کنڈی

فیصل کریم کنڈی نے دعویٰ کیا کہ عوام کا رجحان اب پیپلز پارٹی کی طرف بڑھ رہا ہےاس لیے اگلی حکومت ہماری ہوگی جس میں بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم اور خیبر پختونخوا کا وزیراعلیٰ کوئی جیالا ہوگا۔

ہزارہ ڈویژن کے لیے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے اعلان کیا کہ ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں کرکٹ اسٹیڈیمز کے قیام کے لیے بات چیت جاری ہے جبکہ ایوبیہ چیئر لفٹ کی بحالی کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کارکنان کو خوشخبری سناتے ہوئے بتایا کہ مانسہرہ مظفرآباد موٹروے کے لیے وفاقی بجٹ میں فنڈز مختص کر دیے گئے ہیں اور اس منصوبے پر بہت جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔

Scroll to Top