پاکستانی نوجوانوں کی مہارت رنگ لے آئی، آئی ٹی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ

اسلام آباد: پاکستان کے آئی ٹی شعبے نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرلیا، رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں آئی ٹی برآمدات ریکارڈ 4 ارب 20 کروڑ ڈالرز تک پہنچ گئی ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2025 سے مئی 2026 تک پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ڈیٹا کے مطابق مئی 2026 میں بھی آئی ٹی کے شعبے نے نمایاں کارکردگی دکھائی، سالانہ بنیادوں پر آئی ٹی برآمدات میں 13 فیصد اضافہ ہوا جبکہ صرف مئی کے دوران آئی ٹی برآمدات 37 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز رہیں۔

حکام کے مطابق موجودہ رفتار برقرار رہی تو رواں مالی سال کے اختتام تک پاکستان کی آئی ٹی برآمدات ساڑھے 4 ارب ڈالرز سے تجاوز کرنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بھارتی پروازوں کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں توسیع

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال 2024-25 میں پاکستان کی آئی ٹی برآمدات کا حجم 3 ارب 80 کروڑ ڈالرز تھا، جس کے مقابلے میں رواں مالی سال نمایاں بہتری دیکھی جا رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق آئی ٹی شعبے میں بڑھتی ہوئی برآمدات پاکستان کیلئے زرمبادلہ کے حصول، روزگار کے مواقع اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے حوالے سے ایک مثبت پیش رفت ہے۔

Scroll to Top