کویت نے کیش ادائیگیوں کا دائرہ محدود کر دیا، نئے قوانین جاری

Pakistan SCO Summit 2026

کویت کی حکومت نے مالیاتی شفافیت کو فروغ دینے اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نجی شعبے کی صحت کی سہولیات میں نقد ادائیگیوں کے حوالے سے نئی پابندیاں نافذ کر دی ہیں۔

وزارت تجارت و صنعت کی جانب سے جاری کردہ وزارتی قرارداد نمبر 110 برائے 2026 کے تحت اب نجی اسپتال، طبی مراکز، کلینکس، ہوم ہیلتھ کیئر سروسز اور وزارت صحت سے لائسنس یافتہ دیگر طبی ادارے 10 کویتی دینار سے زائد کی ادائیگی نقد وصول نہیں کر سکیں گے۔

نئے ضوابط کے مطابق 10 کویتی دینار سے زیادہ کی تمام ادائیگیاں منظور شدہ بینکنگ ذرائع یا الیکٹرانک ادائیگی کے طریقوں کے ذریعے کرنا ہوں گی۔

کویتی حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد مالی لین دین میں شفافیت یقینی بنانا، ڈیجیٹل ادائیگیوں کو فروغ دینا، مالیاتی نگرانی کے نظام کو بہتر بنانا اور غیر دستاویزی نقد لین دین کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ویمن انڈر 19 ٹی ٹوئنٹی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آج مدمقابل ہوں گی

وزارت تجارت و صنعت نے خبردار کیا ہے کہ نئے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے طبی اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ اداروں پر جرمانے عائد کیے جا سکتے ہیں، جبکہ سنگین یا مسلسل خلاف ورزیوں پر اداروں کی عارضی یا مستقل بندش بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کویت میں جدید، محفوظ اور شفاف مالیاتی نظام کے قیام کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے تحت مختلف شعبوں میں الیکٹرانک ادائیگیوں کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top