پشاور: یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر گورنر ہاؤس پشاور سے کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کی۔
ریلی میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ شرکاء نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج پورا پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ یومِ استحصالِ کشمیر منا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کے مسلمان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت اور ان کے مطالبات کی حمایت کے لیے متحد ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور ہمیشہ امن و سلامتی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہا ہے۔ حالیہ علاقائی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہر موقع پر امن کے قیام کے لیے مثبت کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاک افواج کا کشمیری عوام سے غیر متزلزل یکجہتی کے عزم کا اعادہ
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے، جبکہ امن اور قومی مفاد کے معاملات پر پوری قوم اور سیاسی جماعتیں متحد ہو جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا اب پاکستان کو امن کے داعی ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم شانہ بشانہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان متحد ہے اور کشمیری عوام کے لیے حمایت جاری رہے گی۔
ریلی کے اختتام پر شرکاء نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور امن کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔





