پاکستان نے اقوام متحدہ کی بین الاقوامی کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ کی باضابطہ صدارت سنبھال لی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے ایڈیشنل سیکریٹری اسلحہ کنٹرول و تخفیفِ اسلحہ طاہر اندرابی کانفرنس کے اجلاسوں کی صدارت انجام دے رہے ہیں۔
پاکستان اس اہم بین الاقوامی فورم کے سال 2026ء کے اجلاس کے آخری صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہا ہے۔
اس دوران پاکستان کانفرنس کی سالانہ رپورٹ تیار کرنے کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی میں قرارداد پر ہونے والے مذاکرات کی مکمل رہنمائی بھی کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے آگاہ کیا کہ بطور صدر پاکستان نے جامع مشاورتی عمل کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں طاہر اندرابی نے 2026ء کے اجلاس کے تمام سابق صدور کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی اور مختلف علاقائی گروپس کے نمائندوں سے بھی تفصیلی مشاورت مکمل کی۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی کانفرنس برائے تخفیفِ اسلحہ دنیا کا واحد کثیرالجہتی فورم ہے جہاں اسلحہ کنٹرول سے متعلق بین الاقوامی معاہدوں پر مذاکرات کیے جاتے ہیں۔ جنیوا میں قائم اس 65 رکنی عالمی فورم میں تمام ایٹمی صلاحیت کی حامل ریاستیں شامل ہیں۔
اس کانفرنس کے ایجنڈے میں دنیا بھر میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ کا خاتمہ، خلا کو عسکری مقاصد کے لیے استعمال ہونے سے روکنا اور دیگر کلیدی سیکورٹی امور شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : شائقین اسپورٹس کے لیے خوشخبری: پشاور کو عالمی اسکواش مقابلوں کی میزبانی مل گئی
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس اہم موقع پر کانفرنس کی صدارت سنبھالنا بین الاقوامی برادری کی جانب سے پاکستان کی سفارتی قیادت اور اس کے تعمیری و ذمہ دارانہ کردار پر بھرپور اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔





