وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے ہزارہ کیلئے بڑے اعلانات، 200 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کا اعلان

ایبٹ آباد/بٹگرام: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ایبٹ آباد اور بٹگرام کے دورے کے دوران ہزارہ ریجن کیلئے مختلف ترقیاتی منصوبوں، سیاحت کے فروغ اور شہری مسائل کے حل کیلئے اہم اعلانات کیے ہیں۔

ایبٹ آباد میں اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے خوشحال ہزارہ پروگرام کیلئے 200 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کیا۔ ان کے مطابق اس رقم میں سے 150 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں جبکہ 50 ارب روپے ہزارہ ڈویژن میں سیاحت کے فروغ کیلئے مختص کیے گئے ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا قدرتی حسن سے مالامال ہے اور دنیا بھر سے سیاح صوبے کے مختلف علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔ ان کے مطابق سیاحت کے فروغ سے مقامی معیشت بہتر ہونے کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

ایبٹ آباد میں اربن فلڈنگ کا مستقل حل

وزیراعلیٰ نے ایبٹ آباد کے بڑے شہری مسائل میں اربن فلڈنگ کو بھی شامل قرار دیتے ہوئے اس کے مستقل حل کیلئے ایک ارب 40 کروڑ روپے مختص کرنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ اربن فلڈنگ کے مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کو مشکلات سے نجات دلائی جاسکے۔

ڈی ایچ کیو ہسپتال کیلئے مزید فنڈز

سہیل آفریدی نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال ایبٹ آباد کیلئے پہلے ہی فنڈز مختص کیے جاچکے ہیں جبکہ منصوبے کیلئے مزید فنڈز بھی فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ مشتاق احمد غنی کی درخواست پر ڈی ایچ کیو ہسپتال ایبٹ آباد کے منصوبے کو فلیگ شپ پروگرام میں شامل کیا جائے گا اور ایبٹ آباد کے عوام کی محبت کے پیش نظر اسے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔

شملہ ایڈونچر پارک کا افتتاح

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ایبٹ آباد میں 750 کنال رقبے پر مشتمل شملہ ایڈونچر پارک کا افتتاح بھی کیا۔

پارک کو 85 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے، جہاں شہریوں اور سیاحوں کیلئے مختلف تفریحی اور ایڈونچر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ کی ایبٹ آباد آمد پر ایم پی اے مشتاق احمد غنی، ایم این اے علی جدون، ایم پی اے راجب عباسی اور ایم پی اے افتخار خان نے ان کا استقبال کیا، جبکہ صوبائی وزیر بلدیات مینا خان آفریدی بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی آیت نور کے گھر آمد، اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ہے اور صوبے کی ترقی کیلئے 200 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے 50 ارب روپے جبکہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایک ارب 40 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

بٹگرام کیلئے 2 ارب روپے کا اضافی ترقیاتی پیکیج

بعد ازاں بٹگرام میں ختم نبوت چوک پر اسٹریٹ موومنٹ ریلی میں شریک عوام کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بٹگرام کے عوام کو تاریخی ریلی کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا۔

سہیل آفریدی نے الائی کو ضلع کا درجہ دینے اور بٹگرام کیلئے 2 ارب روپے کے اضافی ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہزارہ ریجن کیلئے 200 ارب روپے کا تاریخی ترقیاتی پیکیج پہلے ہی منظور کیا جاچکا ہے اور مختلف شعبوں میں متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان کے مطابق صوبائی حکومت خیبرپختونخوا کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی کیلئے کوشاں ہے۔

27 ستمبر کے احتجاج میں شرکت کی اپیل

وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں سیاسی صورتحال کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج قوم کا واحد مخلص اور جرات مند لیڈر عمران احمد خان نیازی جیل میں ناحق قید ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ 27 ستمبر کو اسی جوش و جذبے کے ساتھ اسلام آباد کا رخ کیا جائے گا اور 27 ستمبر کو انقلاب کا دن قرار دیتے ہوئے عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ اپنی اور قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو اسی جذبے کے ساتھ نکلنا ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ حقوق کے حصول، انصاف کی بالادستی اور حقیقی آزادی کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔

انہوں نے بٹگرام کے عوام کے جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ 27 ستمبر کو ڈرنے کے بجائے بھرپور انداز میں نکلنا ہے اور اس دن تاریخ اور تقدیر بدلنے کا عزم کرنا ہے۔

Scroll to Top