سید فخر کاکا خیل
ہنگو پولیس نے بابوتنگ میں پیش آنے والے دوہرے قتل کیس کے اصل ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈی پی او ہنگو طارق حبیب نے پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا کہ 19 اگست کو بابوتنگ کے علاقے میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے مولانا یونس اور ان کے بیٹے کا قاتل کوئی اور نہیں بلکہ مقتول مولانا یونس کا اپنا ہی بھتیجا عاطف ہے۔
ڈی پی او طارق حبیب خان کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ یہ واقعہ کسی دہشت گردی یا ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ نہیں بلکہ گھریلو تنازع اور چوری کی رقم تھی، جہاں ملزم نے اپنی دادی سے رقم چوری کر کے اس سے آئی فون خریدا تھا اور مقتول چچا کی جانب سے چوری کی رقم واپس کرنے کا کہنے پر ملزم نے کارروائی سے بچنے کے لیے اپنے چچا اور چچازاد بھائی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
اس پیچیدہ کیس کو حل کرنے کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس میں ڈی ایس پی سٹی اور ایس ایچ او سٹی فیاض خان شامل تھے۔ پولیس ٹیم نے جیو فینسنگ، تکنیکی تحقیقات اور جدید انٹیلی جنس ذرائع کی مدد سے مختصر وقت میں ملزم کا سراغ لگا کر اسے گرفتار کیا۔ ڈی پی او ہنگو نے حساس اور پیچیدہ کیس کو فوری ٹریس کرنے پر تفتیشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور خراجِ تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور:رحیم آباد میں فائرنگ، 50 سالہ شخص جاں بحق، راہگیر زخمی
پریس کانفرنس کے اختتام پر پولیس حکام نے واضح کیا کہ ہنگو میں امن و امان خراب کرنے والوں، دہشت گردوں، سہولت کاروں اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے اور ان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر ٹارگٹڈ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رہیں گے۔ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے۔





