خیبرپختونخوا میں بلدیاتی ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن گرانٹ دیگر کاموں پر خرچ کرنے پر پابندی عائد

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر کی تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز (ٹی ایم ایز) اور کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ میں ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے لیے جاری ہونے والی گرانٹ ترقیاتی اور دیگر غیر متعلقہ کاموں پر خرچ کرنے پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔

مشیر برائے بلدیات و مواصلات آصف رفیق کی ہدایت پر سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ خضر حیات نے اس حوالے سے باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا ہے، جس میں تمام متعلقہ حکام کو احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق تنخواہوں اور پنشن کے لیے مختص رقم صرف اسی مقصد کے لیے استعمال کی جاسکے گی، جبکہ اس گرانٹ کو کسی بھی ترقیاتی یا دیگر غیر متعلقہ کام پر خرچ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد بلدیاتی ملازمین کو ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہوں اور پنشن کی بروقت ادائیگی یقینی بنانا ہے۔

محکمہ بلدیات کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں ٹی ایم ایز کی جانب سے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کے لیے مختص گرانٹ دیگر امور پر خرچ کرنے کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔

اس انتظامی بے ضابطگی کے باعث ملازمین کو کئی کئی ماہ تک تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑتا تھا، جس سے انہیں شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا اور وہ اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے احتجاج اور ہڑتالوں پر مجبور ہوتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں خصوصی ترقیاتی منصوبوں کے لیے نیا آرڈیننس تیار، سرکاری خریداری کے قوانین سے استثنیٰ کی تجویز

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کسی ٹی ایم اے یا کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ میں تنخواہوں اور پنشن کے لیے مختص گرانٹ کسی دوسرے مقصد پر خرچ کی گئی تو متعلقہ تحصیل میونسپل آفیسر (ٹی ایم او)، فنانس آفیسر اور ٹی او آئی کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب محکمہ بلدیات کے مطابق مشیر برائے بلدیات اور سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ کی ہدایات کے بعد کئی سال کے طویل عرصے میں پہلی مرتبہ محکمے کے تمام ملازمین کو ماہ کی پہلی تاریخ کو تنخواہوں کی مکمل اور باقاعدہ ادائیگی ممکن ہوئی ہے۔

بروقت تنخواہوں کی ادائیگی پر صوبے بھر کے بلدیاتی ملازمین نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئے احکامات پر سختی سے عمل درآمد کے ذریعے ملازمین کو درپیش مالی مشکلات کے مستقل حل اور بلدیاتی نظام کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

Scroll to Top