پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مساجد کو دہشت گردی، اسلحہ ذخیرہ کرنے اور مذموم سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کو مبارکباد بھی پیش کی۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شمالی وزیرستان آپریشن کی ویڈیوز دیکھ کر انہیں شدید دکھ ہوا کہ فتنۃ الخوارج نے مساجد جیسے مقدس مقامات کو دہشت گردی کی سرگرمیوں اور اسلحہ ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ مساجد امن، بھائی چارے اور اسلامی تعلیمات کا درس دیتی ہیں، ایسے مقدس مقامات کو دہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنا انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول عمل ہے۔ عبادت گاہوں کا تقدس برقرار رکھنا اور انہیں امن و سلامتی کے مراکز کے طور پر محفوظ بنانا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شمالی وزیرستان میں بڑا آپریشن، فتنۃ الخوارج کے دو ٹھکانے تباہ، بھاری اسلحہ اور بارودی مواد برآمد
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ضم شدہ اضلاع میں ماضی میں بھی مساجد کے غلط استعمال کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں، تاہم معاشرہ ایسے اقدامات کو کسی صورت قبول نہیں کرتا۔
فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے گی۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سکیورٹی اداروں کی کارروائیاں ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں میں اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے گا۔





